پاکستان ادارہ جاتی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، سعد رفیق

پاکستان ادارہ جاتی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، سعد رفیق

لاہور: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اداروں کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں اور پاکستان ادارہ جاتی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ایسے لوگ موجود ہیں جو اداروں کو جھوٹی اور بے بنیاد رپورٹس دیتے ہیں۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک میں انتشار برداشت نہیں کر سکتے اور سیاسی قیادت کو داغدار کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا تو اس سے ملک میں کبھی بہتری پیدا نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ گاڈ فادر اور مافیا جیسے ریمارکس آئیں گے تو اس کا مہذب انداز میں جواب دیا جائے گا جبکہ معزز جج صاحبان کا وقار اور احترام سر آنکھوں پر لیکن بغیر ثبوت اور دلیل کے اگر کسی پر غیر محتاط الفاظ استعمال کرے تو اسے تسلیم اور قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بھی عزت نفس ہے اور عزت نفس کا تحفظ کرنا آتا ہے۔ دو صوبوں میں ہماری حکومت ہے اور کسی بھی نوعیت کے فیصلے اور سازش کے باوجود عوام میں نواز شریف کی محبت میں کمی واقع نہیں ہوئی جس کا اظہار 17 ستمبر کو این اے 120 کے عوام کریں گے۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جو کمروں میں بیٹھ کر سوچتے ہیں کہ جمہوریت کا کوئی اور چہرہ بنا کر پیش کیا جائے تو وہ مہربانی کر کے ان خیالات کو نکال دیں۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں