استاد نصرت فتح علی خان کو مداحوں سے بچھڑے 20 برس بیت گئے

استاد نصرت فتح علی خان کو مداحوں سے بچھڑے 20 برس بیت گئے

لاہور: عالمی شہرت یافتہ گلوکار و موسیقار استاد نصرت فتح علی خان کی20 ویں برسی آج 16 اگست بروز بدھ کو منائی جا رہی ہے۔ 13 اکتوبر 1948 کو فیصل آباد میں ملک کے نامور قوال فتح علی خان کے گھر میں پیدا ہوئے۔

نصرت فتح علی خان کی مشہور قوالیوں میں”علی مولا علی‘، دم مست قلندر مست مست “یادگار ہیں۔ انہوں نے کئی بھارتی فلموں کی موسیقی دی اور کئی میوزک البمز بھی ریلیز کئے۔ نصرت فتح علی خان نے بحیثیت قوال 125 آڈیو البم ریلیز کئے جو کہ ورلڈ ریکارڈ ہے۔

دنیائے موسیقی کے بے تاج بادشاہ نصرت فتح علی خان کی ذات موسیقی کا ایک ادارہ تھی۔ انہوں نے جدید مغربی موسیقی اور مشرقی کلاسیکی موسیقی کے ملاپ سے ایک نیا رنگ پیدا کیا اور نئی نسل میں بھی خاصی مقبولیت حاصل کی۔ نصرت فتح علی خان کو گلوکار اپنے لئے رول ماڈل تصور کرتے ہیں۔

نصرت فتح علی خان نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام بلند کیا اور انکی گائیکی سرحدوں کی حدود سے آگے نکل کر امر ہو گئی۔ بھارتی فلمز انکی آواز کے بنا تو ادھوری سمجھی جانے لگیں۔

سننے والوں پر سحر طاری کر دینے والے نصرت گرودں کے عارضے میں مبتلا ہو کر شدید بیمار پڑے اور 16 اگست 1997 کو دنیائے فانی سے کوچ کر گئے۔ نصرت فتح علی خان کی آواز سے سجی غزلیں، گیت، عارفانہ کلام اور قوالیاں موسیقی میں روح کی غذا تلاش کرنے والوں کو ہمیشہ مسرور رکھیں گی۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں