روس ،اسد حکومت عالمی قانون پامال کر رہے ہیں: امریکہ

 روس ،اسد حکومت عالمی قانون پامال کر رہے ہیں: امریکہ

واشنگٹن: شام کے جنگ سے متاثرہ شہر حلب میں شامی اور روسی فوج کی طرف سے تازہ بمباری پر امریکا نے شدید مذمت کی ہے۔

امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ حلب پر روسی اور اسدی فوج کی بمباری عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان الیزابیتھ ٹروڈو نے ایک بیان میں کہا کہ روس اور شام کی سرکاری فوج حلب میں اسپتالوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر بمباری کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کی مرتکب ہو رہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اسپتالوں پر بمباری کھلی جارحیت اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی بزدلانہ کوشش ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ مسز الیزابیتھ ٹروڈو نے کہا کہ جنیوا میں ہونے والے مذاکرات کے دوران روس کی طرف سے جنگ بندی کی امریکی تجاویز کا خیر مقدم کرنے کے باوجود حلب پر بمباری جاری رکھی ہوئی ہے جس کاکوئی جواز نہیں ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ شامی فوج اور اس کی حامی روسی فوج نے حلب میں پانچ اسپتالوں پر بمباری کی ہے۔ ان میں متعدد فیلڈ اسپتال بھی شامل ہیں جب کہ موبائل اسپتالوں کو بھی بمباری سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

اسپتالوں پر بمباری بزدلانہ اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

مصنف کے بارے میں