بھارتی عدالت میں ”ایپل‘ ‘ کیخلاف مقدمہ درج

بھارتی عدالت میں ”ایپل‘ ‘ کیخلاف مقدمہ درج

حیدرآباد: خراب آئی فون ملنے پر بھارتی وکیل نے امریکی کمپنی ’ایپل‘ کے خلاف مقدمہ دائر کردیا جس میں انہوں نے ایک لاکھ روپے زرتلافی ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر حیدرآباد کے رہائشی بی ایس پرساد نے کچھ عرصے قبل آئی فون 6 خریدا تھا تاہم کچھ ہی دنوں بعد موبائل نے کام کرنا چھوڑ دیا، انہوں نے پہلے کمپنی سے رجوع کیا تاہم کمپنی کی جانب سے تعاون نہ کیے جانے پر انہوں نے حیدرآباد کی مقامی عدالت سے رجوع کرلیا۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کمپنی کی جانب سے اتنا پریشان کیے جانے کے بعد انہوں نے ایپل کو قانونی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں نیا موبائل دیا جائے یا پھر ان کی 30 ہزار 700 روپے کی رقم 24 فیصد سود کے ساتھ واپس کی جائے۔
انہوں نے کمپنی سے ایک لاکھ روپے کی زرتلافی ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایپل کی جانب سے خراب فون دینے کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں شدید ذہنی صدمہ پہنچا جس کی تلافی ہونی چاہیے۔عدالت نے نہ صرف امریکا میں ایپل کے ہیدکوارٹر کو قانونی نوٹس بھیجا بلکہ بھارت میں موجود ان کے ایجنٹس کو بھی نوٹس بھیجے جس پر بنگلور آفس کی جانب سے جواب داخل کرنے کے لیے وقت مانگا گیا ہے، عدالت نے کیس کی سماعت 8 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔