سعودی فرمانروا کی قطری عازمین حج کو اپنے خرچ پر حج کرانے کی ہدایت

سعودی فرمانروا کی قطری عازمین حج کو اپنے خرچ پر حج کرانے کی ہدایت

جدہ: شاہ سلمان کی طرف سے قطری عازمین حج کو دوحہ سے خصوصی حج پروازوں کے ذریعے مکہ مکرمہ لانے اور اپنے خرچ پر انہیں حج کرانے کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قطری عازمین حج کے مملکت میں داخلے کے لیے زمینی گذرگاہ کھولنے اور انہیں مناسک حج کی ادائی میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شاہ سلمان کی طرف سے قطری عازمین حج کو دوحہ سے خصوصی حج پروازوں کے ذریعے مکہ مکرمہ لانے اور اپنے خرچ پر انہیں حج کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔۔
قبل ازیں شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ میں قطر کے حاکم خاندان کے اہم فرد الشیخ عبداللہ بن علی بن عبداللہ بن جاسم آل ثانی سے ملاقات کی۔ الشیخ عبداللہ قطر کے بانی حکمران علی بن عبداللہ آل ثانی کے نویں صاحبزادے ہیں۔ نیز وہ حاکم قطر عبداللہ بن جاسم آل ثانی کے پوتے اور احمد بن علی آل ثانی کے بھائی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں ملکوں کے مضبوط تاریخی تعلقات اور دو طرفہ قومی بھائی چارے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شہزادہ محمد کا کہنا تھا کہ سعودی اور قطری اقوام کے تعلقات کی جڑیں بہت گہری ہیں۔
اس موقع پر الشیخ عبداللہ بن علی بن عبداللہ بن جاسم آل ثانی نے قطری عازمین حج کے لیے سعودی عرب کی سرحد پر زمینی راستہ کھولنے کی تجویز پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔