اعتراضات مسترد ، کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور

اعتراضات مسترد ، کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور

لاہور: سابق وزیر اعظم محمدنواز شریف کی  اہلیہ کلثوم نواز کے این اے 120  کے ضمنی انتخاب میں کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے جبکہ ان کے خلاف جمع کرائے گئے تمام اعتراضات کو مسترد کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے آخری روز ریٹرنگ افسر نے بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی کو منظور کرلیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل میر کے بھی کاغذات درست قرار پائے۔پاکستان مسلم لیگ کی امیدوار کلثوم نواز آج صبح لندن روانہ ہوئی،ان کی غیر موجودگی میں کیپٹن صفدر، کلثوم نواز کے وکیل اور پاکستان مسلم لیگ کے کورنگ امیدوار حافظ نعمان جانچ پڑتال کیلئے پہنچے، جہاں ریٹرنگ افسر نے جانچ پڑتال کے بعد بیگم کلثوم نواز کے کاغذات کو درست قرار دیتے ہوئے منظور کرلیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ، عوامی تحریک اور پاکستان پیپلز پارٹی نے کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات عائد کئے تھے،پی ٹی آئی امیدوار یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز ایف زیڈ ای کمپنی کی ڈپٹی چیئرمین تھیں، کاغذات نامزدگی کے وقت انہوں نے نواز شریف کی طرح اپنی تنخواہ ظاہر نہیں کی اور نہ ہی اپنے اثاثوں کی تفصیلات بتائیں ، لہذا ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔