’’گو نواز گو‘‘ تحریک کیلئے بلاول بھٹو کو ٹرین مارچ کی تجویز

لاہور: ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم نواز شریف کے استعفے کے لئے تحریک چلانے کے لئے ٹرین مارچ کی تجویز دے دی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کی قیادت میں کراچی سے اسلام آباد ٹرین مارچ کیا جائے گا اور ہر ریلوے اسٹیشن پر بلاول بھٹو کارکنوں سے خطاب کریں گے۔

 

ادھر اسلام آباد میں ایف ایٹ کچہری میں تقریب سے خطاب کرتے بلاول بھٹو زرداری نے کہا آزاد عدلیہ کی بحالی میں پیپلز پارٹی نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور مستقبل میں بھی جمہوریت اور آزاد عدلیہ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا جمہوریت کی خاطر شہید بے نظیر بھٹو نے آئین و قانون کی عملداری کے لیے اپنی جان قربان کی اور سابق صدر آصف علی زرداری نے سالوں جیل کاٹی۔

یاد رہے پاناما جے آئی ٹی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور ان کا موقف ہے کہ وزیراعظم کے پاس اب اس عہدے پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رہ گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں