وزیر اعلیٰ بلوچستان کا سانحہ مستونگ اور گوادر پر جے آئی ٹیز بنانے کا اعلان

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا سانحہ مستونگ اور گوادر پر جے آئی ٹیز بنانے کا اعلان

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے مستونگ خودکش بم دھماکے اور گوادر میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے محنت کشوں کی شہادت کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے علیحدہ علیحدہ جے آئی ٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کے ان واقعات کی تہہ تک پہنچ کر ان میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفورحیدری سے ملاقات اور ان کی عیادت کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعہ میں ہونے والی شہادتوں پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماﺅں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سی پیک پر دباﺅ ڈالنے کے لئے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلے بھی دہشت گردوں کا بھر پور مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔

یاد رہے 13 مئی کو امن دشمنوں نے گوادر کے علاقے پشگان اور گنز میں روزگار کے لئے گئے مزدروں کو نشانہ بنایا تھا مسلح افراد کی فائرنگ 9 مزدروں جاں بحق ہو گئے تھے جن کا تعلق سندھ سے تھا۔

اس سے پہلے جے یو آئی (ف) کے رہنما کے قافلے کو مستونگ میں اسوقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے۔ اچانک خوفناک دھماکہ ہوا اور ہر طرف لاشے بکھر گئے۔ اس خودکش دھماکے میں 27 افراد شہید ہو گئے تھے جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ عبدالغفور حیدری سمیت 35 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں