سنیپ چیٹ کے مقابلے میں انسٹاگرام بھی فیس فلٹرز فیچر لے آیا

نیویارک: معروف سوشل میڈیا ویب ایپ انسٹاگرام نے اسنیپ چیٹ کے سیلفی فلٹرز جیسا نیا فیس فلٹرمتعارف کرادیا۔اس فیچر کی مدد سے لوگ اپنے چہروں پر چشمہ، تاج یا دیگر ایفیکٹس کے ذریعے تصاویر یا ویڈیوز سجاسکتے ہیں۔

سنیپ چیٹ کے مقابلے میں انسٹاگرام بھی فیس فلٹرز فیچر لے آیا

تاہم انسٹاگرام میں اسنیپ چیٹ کے مقابلے میں اس فیچر کو استعمال کرنا زیادہ آسان ہے اور چہرہ زیادہ برا بھی نہیں ہوتا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ انسٹاگرام میں اسٹوریز فیچر کو استعمال کرنے والوں کی تعداد بیس کروڑ جبکہ اسنیپ چیٹ کے مجموعی صارفین کی تعداد ساڑھے 16 کروڑ ہے ۔ انسٹاگرام نے فیس فلٹرز کے ساتھ تین اور فیچرز بھی دنیا بھر کے صارفین کے لیے متعارف کروائے ہیں جس کے لیے بس ایپ کو اَپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔
ایک فیچر ایسے ٹول کا ہے جس سے آپ کسی تصویر میں مختلف چیزوں کو مٹا سکیں گے۔اسی طرح انسٹاگرام میں ویڈیوز کو ریورس موڈ میں چلانے کا فیچر بھی لایا گیا ہے جو کہ اسنیپ چیٹ کے پرانے فلٹرز جیسا ہے۔مگر اسنیپ چیٹ سے ہٹ کر انسٹاگرام نے جو نیا فیچر متعارف کرایا ہے وہ کسی ہیش ٹیگ کو ٹائپ کرکے کسی اسٹوری میں اسٹیکر کی طرح لگانا ہے، جس پر کلک کرنے پر اس ہیش ٹیگ کے ساتھ منسلک تمام بڑی پوسٹس سامنے آجائیں گی۔
انسٹاگرام کے ترجمان کے مطابق ہمیں صارفین سے معلوم ہوا تھا کہ وہ اپنے روزمرہ کے لمحات اور دوستوں سے تعلق کے لیے زیادہ تخلیقی ذرائع چاہتے ہیں، فیس فلٹرز سے ان کی پہنچ میں زیادہ ٹولز ہوں گے۔ابھی انسٹاگرام میں ایسے 8 فیس فلٹرز دیئے گئے ہیں جنھیں مستقبل قریب میں مزید بڑھایا جائے گا۔واضح رہے کہ یہ فیس فلٹرز اسنیپ چیٹ کے اسٹوریز فیچر کا آخری بڑا حصہ تھا جو انسٹاگرام میں اب تک موجود نہیں تھا اور اب یہ بالکل اسنیپ کے سلائیڈ شو شیئرنگ فارمیٹ کی نقل بن چکا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں