سام سنگ J5 اور J7 کے 2017 ماڈلز سامنے آگئے

لاہور: مایہ ناز جنوبی کورین کمپنی سام سنگ کی گلیکسی جے سیریز گزشتہ چند سالوں سے کامیابی حاصل کر رہی ہے اور ہر نئے سال کے ساتھ جے سیریز کے ماڈلز میں نت نئی اور شاندار تبدیلیاں ہورہی ہیں۔ تاہم اس بار بھی کچھ ایسا ہی ہونے جا رہا ہے کیونکہ سام سنگ گلیکسی جے فائیو 2017 اور جے سیون 2017 کی تصاویر اور فیچرز کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ایک ٹوئٹر صارف نے دونوں فونز کی تفصیلات کو لیک کیا۔
دونوں فونز دیکھنے میں گزشتہ سال کے جے فائیو اور جے سیون جیسے ہی نظر آتے ہیں تاہم بیک پینل میں تبدیلی کی گئی ہے۔سام سنگ نے اس سال کے ماڈلز میں ایل ای ڈی فلیش کا اضافہ کیا ہے۔گلیکسی جے فائیو 5.2 انچ کی ایچ ڈی اسکرین جبکہ جے سیون 5.5 فل ایچ ڈی ڈسپلے کے ساتھ ہوگا۔
اسی طرح گلیکسی جے فائیو میں 1.4 گیگا اوکٹا کور پراسیسر، دو جی بی ریم اور 16 جی بی اسٹوریج کے ساتھ 3000 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی۔گلیکسی جے سیون میں 1.6 گیگا ہرٹز اوکٹا کور پراسیسر، تین جی بی ریم، 16 جی بی اسٹوریج جبکہ 3600 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی۔
دونوں اسمارٹ فون میں 13 میگا پکسلز کا کیمرہ ہوگا جبکہ فرنٹ پر ایل ای ڈی فلیش کے ساتھ 13 میگا پکسل کا کیمرہ دیا جائے گا۔دونوں فونز کے ہوم بٹن پر فنگر پرنٹ سنسر موجود ہوگا۔گلیکسی جے فائیو ممکنہ طور پر 279 یورو (32 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ جے سیون 339 یورو (لگ بھگ چالیس ہزار پاکستانی روپے) ہوسکتی ہے۔