"بد عنوانی سے کمائی رقم واپس کرو اور گھر جاؤ"، سعودی ذرائع

ریاض:سعودی عرب نے کرپشن کے الزامات کے تحت گرفتار ہونے والے شہزادوں کو آفر دی ہے کہ اگر وہ بد عنوانی سے کمائی گئی رقم واپس کردیں تو وہ اپنے گھر جاسکتے ہیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے زیر حراست افراد سے ان کی جائیدادوں کا 70 فیصد حصہ بحق سرکار وقف کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔


غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے 200 سے زائد شہزادوں ، وزرا اور دیگر امیر افراد کو 4 نومبر کو حراست میں لیا تھا جس کے بعد سے انہیں مختلف فائیو سٹار ہوٹلز میں رکھا گیا ہے، زیادہ تر افراد کو دارالحکومت ریاض کے رٹز کارلٹن ہوٹل میں رکھا گیا ہے۔

غیر ملکی جریدے فنانشل ٹائمز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت زیر حراست افراد سے ان کی 70 فیصد دولت کا تقاضہ کر رہی ہے۔ اگر گرفتار افراد کے ساتھ یہ معاہدہ طے پاجاتا ہے۔

تو سعودی عرب کے قومی خزانے کو سینکڑوں ارب ڈالر کا فائدہ ہوگا اور اسے اپنے بجٹ میں بھی ریلیف ملے گا کیونکہ گزشتہ سال حکومت کی جانب سے 79 ارب ڈالر خسارے کا بجٹ پیش کیا گیا تھا۔جریدے کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے۔

کہ زیر حراست کاروباری شخصیات سے اپنے اثاثے سرکار کے حوالے کرنے کے علاوہ شہزادہ محمد بن سلمان کی بیعت کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔