عدالت کا اسلام آباد انتظامیہ کو کل تک دھرنا ختم کرانے کا حکم

عدالت کا اسلام آباد انتظامیہ کو کل تک دھرنا ختم کرانے کا حکم

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے دھرنا ختم کرنے کا حکم نہ ماننے کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ کو کل تک دھرنا ختم کرانے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ دھرنا ختم کرانے کے لیے ایف سی اور رینجر کی مدد بھی لے سکتی ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اظہار رائے کی آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ آپ پورے شہر کے حقوق سلب کر لیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا عدالتی حکم میں مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد انتظامیہ ناکام ہو گئی ہے گزشتہ 10 دن میں انتظامیہ نے کرکٹ کے تماشائی کا کردار ادا کیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی سے چیمبر میں ملاقات کی۔ آئی جی حکم نامہ حاصل کرنے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ سے کچھ دیر بعد واپس چلے گئے۔

اس سے قبل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے مذہبی جماعت کے سربراہ کو دھرنا ختم کرنے کے لیے خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اگر دھرنا ختم نہ کیا گیا توقانون کے مطابق سخت کارروائی ہو گی۔ واضح رہے کہ ایک مذہبی و سیاسی جماعت 'تحریک لبیک نے فیض آباد انٹر چینج پر 13 روز سے دھرنا دے رکھا ہے جس میں وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں