فیملی کورٹ میں والدین کے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ پیش کردیاگیا

فیملی کورٹ میں والدین کے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ پیش کردیاگیا

لاہور:فیملی عدالت میں والدین کے متعلق سپریم کورٹ کےفیصلے کو خوش آئند قرار د ے دیا گیا ۔اب والدین کوگھررکھیں یاباہر،خرچہ دینالازم ہوگا،انکارکیاتوعدالت سے سزابھی ہوگی،بات نہ ماننے والوں نافرمان بچوں کے خلاف ان کے والدین عدالت سے رجوع کرسکیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق فیملی عدالت میں محمدشفیق نامی شہری کے  مقدمے میں سپریم کورٹ کافیصلہ پیش کردیا گیاجس کے تحت والدین اپنی اولادسے کفالت کاخرچہ لے سکتے ہیں،کوئی شخص اگر والدین کوخرچہ نہیں دیتاتوایسے والدین فیملی سول عدالت سے بھی رجوع کرسکتے ہیں،اس حوالے سے سیشن کورٹ میں بہت سے لوگوں نے قانونی ماہرین سے مشورے شروع کردیئے ہیں جبکہ بزرگوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کوخوش آئندقراردیاہے ،سینئر ایڈووکیٹ مدثر چودھری ،مرزا حسیب اسامہ اور مجتبی چودھری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کافیصلہ دکھی والدین کے لئے امیدکی کرن ہے،اولڈہوم میں زندگی گزارنے والے بزرگ بھی اس فیصلے کی روشنی میں اپنی اولاد سے خرچہ لے سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ بزرگ شہری جنہیں اپنی اولاد سے شکائتیں رہتی ہیں ان کے کے حق میں بہت اچھا ہے اور جو نافرمان اولاد ان کا کہنا نہیں مانتی ،انہیں خرچہ بھی نہیں دیتی یا پھر انہیں گھر سے بے دخل کردیتی ہے وہ بھی اب قانون کی گرفت میں ہوں گے اور ان احکامات پرعمل کرنے سے انکار کرنے والوں کوبھی اب سزا ملا کرے گی ۔