'درست نظام میں عدالتیں فیصلہ کرتی ہیں تو یہ نہیں کہا جاتا کہ مجھے کیوں نکالا'

'درست نظام میں عدالتیں فیصلہ کرتی ہیں تو یہ نہیں کہا جاتا کہ مجھے کیوں نکالا'

چکدرہ: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک تب تباہ ہوتا ہے جب ملک کے ادارے تباہ ہو جاتے ہیں اور طاقتور کیلئے ایک اور کمزور کیلئے دوسرے قانون سے قومیں  بھی تباہ ہو جاتی ہیں جبکہ آج گورننس کی ناکامی سے ہی ملک مقروض ہو گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا آج بنگلا دیش بھی پاکستان سے آگے نکل چکا ہے اور ان کے معاشی حالات پاکستان سے زیادہ بہتر ہیں۔ دنیا کی خوشحال قوموں کا گورننس سسٹم بہترین ہے کیونکہ ادارے مضبوط ہوں تو ملک آگے جاتا ہے اور درست نظام میں عدالتیں فیصلہ کرتی ہیں تو یہ نہیں کہا جاتا کہ مجھے کیوں نکالا۔

عمران خان نے کہا مسلمان ملکوں کے پیچھے رہنے کی ایک وجہ بادشاہت ہے جس کی وجہ سے فیصلے صرف ایک شخص کر رہا ہوتا ہے۔ اوپر جانیوالے معاشرے میں انصاف اور میرٹ کا نظام اچھا ہوتا ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا پاکستان میں تین الگ الگ نظام تعلیم چل رہے ہیں ایک انگلش اسکول سسٹم، دوسرا مدارس اور تیسرا سرکاری تعلیمی نظام جس کی وجہ سے ہمارا ملک تعلیمی میدان میں بھی کامیاب نہیں ہو رہا جبکہ خیبرپختونخوا میں 2013 سے پہلے 50 فیصد اسکولوں میں اساتذہ ہی نہیں تھے لیکن ہماری حکومت کی کوشش سے اب لوگ اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں پڑھا رہے ہیں۔ ہم نے خیبرپختونخوا میں سرکاری اسکولوں کے نظام کو بہتر کیا ہے اور میرٹ پر اساتذہ کو بھرتی کیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بہتر پولیس کی وجہ سے جرائم میں 70 فیصد کمی آئی۔ خیبرپختونخوا پولیس کی طرح ہر ادارہ ٹھیک ہو سکتا ہے کیونکہ ہم میرٹ پر آئی جی کو لائے تو خیبرپختونخوا پولیس میں بہتری آ گئی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں