عائشہ گلالئی ایم این اے رہیں گی یا نہیں، فیصلہ محفوظ ہو گیا

عائشہ گلالئی ایم این اے رہیں گی یا نہیں، فیصلہ محفوظ ہو گیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے سے متعلق درخواست پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

دوران سماعت عائشہ گلالئی کے وکیل نے دلائل دیے کہ عائشہ گلالئی سے 17 اگست تک جواب مانگنے کا شوکاز نوٹس 18 اگست کو پوسٹ کیا گیا۔ پارٹی سربراہ نے جان بوجھ کر جواب دینے کا موقع نہیں دیا۔

وکیل نے کوریئر کمپنی کی بکنگ اور ڈلیوری کی تفصیلات الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کر دیں۔ بیرسٹر مسرور نے دلائل دیئے کہ عائشہ گلالئی نے جذبات میں آ کر استعفیٰ دینے کی بات کی۔ زبانی کہنے سے استعفیٰ قبول ہوتا ہے تو تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی بھی پارلیمنٹ کاحصہ نہیں۔ الیکشن کمیشن نے عاشہ گلالئی کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جو 24 اکتوبر کو سنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ عائشہ گلالئی نے عمران خان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے جب کہ پی ٹی آئی نے ان الزامات کی تردید کی اور عمران خان نے عائشہ گلالئی کو خط لکھ کر انہیں پارٹی کی منحرف رکن قرار دیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں