بجلی کے گھریلو صارفین نے 260 ارب روپے ادا کرنے ہیں : رپورٹ

بجلی کے گھریلو صارفین نے 260 ارب روپے ادا کرنے ہیں : رپورٹ

اسلام آباد:وزارت توانائی کی 10 ڈسٹری بیوٹر کمپنیاں بجلی صارفین سے 632 ارب روپے وصول کرنے میں ناکام ہو گئی ہیں جبکہ عدم وصولی کے باعث ملک میں سرکلر ڈیٹ 500 ارب روپے سے بھی زائد ہو گیا ہے ۔


سیکرٹری پاور سیکٹر کی طرف سے پبلک اکائونٹس کمیٹی میں 10 ڈسکو کمپنیوں کی کارکردگی کی رپورٹ جمع کرائی ہےجس کے مطابق حکومتی ادارے 105 ارب روپے کے ڈیفالٹر ہیں جبکہ نجی ادارے 527 ارب روپے کے ڈیفالٹر نکلے ہیں۔ پاور کمپنیوں کی انتظامیہ کی طرف سے بجلی صارفین سے 632 ارب روپے کی عدم وصولی کے باعث غریب صارفین کو شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ حکمران پر سارا بوجھ غریب عوام پر عائد کر دیتے ہیں ۔


رپورٹ کے مطابق گھریلو صارفین نے 260 ارب روپے ادا کرنے ہیں جبکہ کمرشل صارفین 18 ارب روپے کے ڈیفالٹرز ہیں جبکہ ملک کے بڑے بڑے صنعتکار اور مل مالکان نے بھی بجلی استعمال کرنے کے باوجود 48 ارب روپے ادا کرنے سے انکار کر رکھا ہے ملک بھر کے کسانوں کے زرعی ٹیوب ویلوں کے نام پر بھی 224 ارب روپے کے بقایا جات موجود ہیں جو حکومت نے سبسڈی کے طور پر وزارت توانائی کو ادا کرنے ہیں ۔