نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کے عدلیہ مخالف بیانات میڈیا پر نشر کرنے سے روکنے کے لئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت کی درخواست گزار محمد شاہد رانا ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے پانچ ججز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا۔ نااہلی کے بعد نواز شریف نے اسلام آباد سے لاہور تک ریلی میں عدلیہ مخالف تقاریر کیں اور نواز شریف نے عدلیہ کے خلاف عوام کو اکسانے کوشش کی۔

انہوں نے استدعا کی کہ نواز شریف کو طلب کر کے ان کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ جس عدالت کی توہین ہو وہی عدالت توہین عدالت کی کاروائی کا اختیار رکھتی ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ نے سنایا یہ عدالت توہین عدالت کی سماعت کیسے کر سکتی ہے۔ عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں