جوڑوں کے درد سے بچنا ہے تودانت اچھی طرح صاف کریں، ماہرین

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگرآپ جوڑوں کے تکلیف دہ مرض ’’گٹھیا‘‘ سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنے دانتوں کو اچھی طرح صاف رکھیں۔

جوڑوں کے درد سے بچنا ہے تودانت اچھی طرح صاف کریں، ماہرین

نیویارک: ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگرآپ جوڑوں کے تکلیف دہ مرض ’’گٹھیا‘‘ سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنے دانتوں کو اچھی طرح صاف رکھیں۔

سائنسدانوں کے مطابق دانتوں کی صحت اورروماٹائیڈ آرتھرائٹس ( گٹھیا) کے درمیان گہرا تعلق پایا گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مسوڑھوں کا ایک انفیکشن ایسے پروٹین بناتا ہے جو جسم کے امنیاتی نظام کو متاثر کرکے جوڑوں کے شدید درد کی وجہ بن سکتا ہے۔

لوگوں کے جسم میں پروٹین کی پیداوار کو برقرار رکھنے والا ایک قدرتی نظام ’’سِٹرولینیشن‘‘ چلتا رہتا ہے لیکن گٹھیا کے مریضوں میں یہ عمل بڑھ کر سوزش پیدا کرتا ہے اور ہڈیوں کے درمیان بافتوں کو متاثر کرتا ہے۔ لیکن اب جان ہاپکنز یونیورسٹی کے ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ عین یہی گٹھیا والی کیفیت ایسے لوگوں میں دیکھی گئی ہے جن کے مسوڑھے متاثر تھے۔ اس بنیاد پر انہوں نے کہا ہے کہ آنتوں، پھیپھڑوں اور دیگر مقامات پر موجود بیکٹیریا جوڑوں کے درد کی وجہ بھی بن سکتے ہیں۔

اس تحقیق کے بعد جان ہاپکنز یونیورسٹی کے ماہرین نے بتایا کہ جوڑوں کے درد کے مسوڑھوں کی صحت سے تعلق ایک عرصے سے زیرِ بحث رہا ہے اور اس تحقیق نے اس معمے کو حل کردیا ہے ۔ ماہرین کے مطابق اس سے بڑھاپے اور ادھیڑ عمری میں تکلیف دہ جوڑوں کے مرض کو روکنے میں بہت مدد ملے گی، گٹھیا کے درد میں جسم کا قدرتی دفاعی امنیاتی نظام متاثر ہوکر خود جوڑوں کے خلیات کو نشانہ بناتا ہے اور جوڑ سخت اور تکلیف دہ ہوجاتے ہیں۔ اب ماہرین کا اصرار ہے کہ تمام لوگ اپنے دانتوں اور مسوڑھوں کی خصوصی حفاظت کریں اور انہیں صاف رکھیں۔