امسال پاکستانی عازمین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہو گی,ڈائریکٹر حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی

امسال پاکستانی عازمین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہو گی,ڈائریکٹر حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی

 ریاض :سعودی عرب کے ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے کہا ہے کہ عازمین حج کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں, امسال پاکستانی عازمین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہو گی ۔

سرکاری اسکیم کے تحت آنے والے عازمین ایک لاکھ 7 ہزار 526 ,71 ہزار 684 پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کے تحت آنے والے عازمین کو دوران حج 3 وقت کا کھانا مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں فراہم کیا جائے گا۔سابق تجربے کو مد نظر رکھتے ہوئے امسال عازمین کو فراہم کی جانے والی کیٹرنگ سروس کے معیار کو مزید بہتر کیا گیا ہے ۔ کھانا فراہم کرنے والے اداروں کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی کہ وہ پاکستانی شیف کا انتظام کریں تاکہ عازمین کو ان کے ذوق کے مطابق کھانا فراہم کیا جاسکے ۔

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائش کے حوالے سے سوال پر ڈائریکٹر جنرل حج کے مطابق امسال مدینہ منورہ میں سرکاری حج اسکیم کے تحت آنے والے تمام عازمین کو مسجد نبو ی سے ملحق عمارتوں میں ٹھہرانے کا بندوبست کیا گیا ہے جبکہ مکہ مکرمہ میں العزیزیہ اور بطحا القریش میں عمارتیں حاصل کی گئی ہیں ۔مکہ مکرمہ میں عازمین کی حرم شریف آمد ورفت کیلئے ٹرانسپورٹ کمپنی سے معاہدے کر لئے گئے ہیں ۔ ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کرنے والے ادارے کو اس امر کا پابند بنایا گیا کہ پاکستانی عازمین کیلئے جدید بسیں فراہم کی جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

مکہ مکرمہ میں عازمین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت 24 گھنٹے فراہم کی جائےگی جس کےلئے خصوصی عملے کی ذمہ داریاں بھی لگائی گئی ہیں جو اس امر کو ہر طرح سے یقینی بنائیں گے ۔حکومت پاکستان کی جانب سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے امسال ان افرادکو اولیت دی گئی جنہو ں نے گزشتہ 7 برس کے دوران فریضہ ادانہیں کیا ,اس کا مقصد ان افراد کو سرکاری حج اسکیم سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے جو فریضہ حج ادا نہیں کرسکے یا کم از کم انہوں نے 7 برس قبل حج ادا کیا ہو۔

ڈاکٹر یوسفانی نے کہا کہ سابقہ تجربات کی روشنی میں امسال جدہ حج ٹرمینل اور مدینہ منورہ ائیر پورٹ پر اس بات کا خصوصی انتظام کیا ہے کہ عازمین کو کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ائیر پورٹس پر عازمین کو سامان کی وجہ سے کافی تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا تھا جس کیلئے امسال عازمین کے سامان کے حوالے سے مکتب الوکلاءکی ذمہ داری ہو گی تاکہ عازمین کو کسی قسم کی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.