سری لنکا نے زمبابوے کو ہرا کر نئی تاریخ رقم کردی

سری لنکا نے زمبابوے کو ہرا کر نئی تاریخ رقم کردی

کولمبو:  سری لنکا نے اسیلا گونارتنے کی شاندار بیٹنگ کی بدولت زمبابوے کو واحد ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے ہرا کر سیریز جیتنے کے ساتھ ساتھ 388 رنز کا بڑا ہدف حاصل کرکے تاریخ رقم کردی۔

منگل کو ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکا نے ہدف کے تعاقب میں 170 رنز 3 کھلاڑی آٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے جیت کیلئے مزید 218 رنز درکار تھے۔سری لنکا کو چوتھا نقصان جلد اٹھانا پڑا جب سیٹ بیٹسمین کوسال مینڈس 66 رنز بناکر گریم کریمر کا نشانہ بن گئے جبکہ کریمر نے جلد ہی اپنی ٹیم کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے 203 کے مجموعی اسکور پر اینجلو میتھیوز کو بھی رخصت کردیا۔

اس موقع پر نروشن ڈکویلا اور اسیلا گونارنتے نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 121 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور 324 تک پہنچا دیا، ڈکویلا 81 رنز بنانے کے بعد شان ولیمز کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔اس کے بعد گونارتنے اور دلوروان پریرا نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور اپنی ٹیم کو 4 وکٹوں سے فتح دلا دی، گونارتنے نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ پریرا نے 29 رنز بنائے۔

گریم کریمر نے چار اور شان ولیمز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔گونارتنے کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا جبکہ رنگنا ہیراتھ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔اس میچ میں سری لنکا نے 388 رنز کا ہدف حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کردی جہاں وہ آج سے قبل کبھی بھی اتنا بڑا ہدف حاصل نہیں کر سکے، اس سے قبل انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 352 رنز کا ہدف حاصل کر کے یہ ریکارڈ بنایا تھا.

مصنف کے بارے میں