جنگی بحری جہاز کی ٹکر کے بعد لاپتہ ہونے والے7 امریکی بحری اہلکار ہلاک

جنگی بحری جہاز کی ٹکر کے بعد لاپتہ ہونے والے7 امریکی بحری اہلکار ہلاک

واشنگٹن:امریکی نیوی اور جاپان کے میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکہ کا جنگی بحری جہاز جاپان کے ساحل کے قریب ایک تجارتی جہاز سے ٹکرانے کے نتیجے میں جہاز کے عملے کے لاپتہ سات اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔یہ واقعہ ہفتہ کو علی الصبح پیش آیا تھا جس کے بعد لاپتہ ہونے والے سات اہلکاروں کی تلاش شروع کر دی گئی تھی جبکہ زخمی ہونے والے تین اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے وہاں سے نکال لیا گیا تھا۔

امریکی نیوی کا کہنا ہے کہ امدادی کارکنوں کو جہاز کے تباہ شدہ حصوں تک رسائی حاصل کرنے کے بعد لاپتہ ہونے والے سات اہلکاروں کی لاشیں اتوار کو ملیں۔امریکی نیوی کے مطابق ملنے والی لاشوں کو جاپان کے ہسپتال لے جایا جائے گا جہاں ان کی شناخت ہو گی۔خیال رہے کہ امریکی بحریہ کا جنگی جہاز ہفتہ کو جاپان کے جنوب مغربی ساحل یوکوسوکا سے 56ناٹیکل میل یعنی 103کلومیٹر دور اے سی ایکس کرسٹل نامی تجارتی جہاز سے مقامی وقت کے مطابق صبح ڈھائی بجے ٹکرا گیا تھا۔

جاپان کے وائس ایڈمرل جوزف نے اتوار کو ایک پریس کانفرس میں کہا کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ابھی تک کتنے افراد کی باقیات ملی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اہلکاروں کے خاندانوں کو اس بارے میں مطلع کیا جا رہا ہے۔اس حادثے کے نتیجے میں امریکی جنگی بحری جہاز کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

بی بی سی کے مطابق جس جگہ یہ ٹکر ہوئی وہ انتہائی مصروف راستہ ہے جہاں سے جہاز ٹوکیو خلیج کی جانب آمدورفت کرتے ہیں۔امریکی بحری جہاز دنیا کے جدید ترین جنگی جہازوں میں سے ایک ہے اور اس کے پاس انتہائی جدید ریڈار نظام ہے اور اب اس بارے میں بہت سے سوالات ہوں گے کہ آخر اس کا عملہ اس ٹکر سے بچنے میں ناکام کیوں رہا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں