خواجہ آصف نے عائشہ گلالئی کو چور قرار دے دیا

خواجہ آصف نے عائشہ گلالئی کو چور قرار دے دیا

اسلام آباد: خواجہ آصف جو اپنے دبنگ انداز کی وجہ سے خاصی شہرت رکھتے ہیں اور کسی کو خاطر میں نہیں لاتے اور ان کے دل میں جو آتا ہے وہ کہہ دیتے ہیں۔ قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس میں خواجہ آصف نے تحریک انصاف کی رہنما عائشہ گلالئی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں چور کا خطاب دے ڈالا۔ کہتے ہیں کل ایک معزز ایم این اے پیسکو کے خلاف احتجاج کی سربراہی کر رہی تھیں حالانکہ ان کے علاقے کے فیڈر پر 89 فیصد چوری ہے اور ان کے ساتھ والے فیڈر پر 91 فیصد چوری ہے۔میں نے پیسکو کو ہدایت کی ہے کہ ان دونوں فیڈرز کی بجلی بند کر دیں۔ 

خواجہ آصف کے اس بیان پر ایوان مچھلی منڈی بن گیا اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے احتجاج شروع کر دیا اور گلی، گلی میں شور ہے نواز شریف اور شہباز شریف چور ہیں کے نعرے بھی لگاتے رہے۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا لاہور میں بھی اتنی ہی چوری ہو رہی ہے وہ کیوں نہیں نظر آتی تاہم تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کی دیگر جماعتیں خواجہ آصف کے ریمارکس پر اجلاس سے واک آوٹ کر گئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال قومی اسمبلی میں اُس وقت ہنگامہ برپا ہو گیا تھا جب خواجہ آصف کے ملک میں لوڈشیڈنگ ختم ہونے کے بیان پر اپوزیشن اراکین نے نعرے بازی شروع کر دی اور ’نو، نو‘ کے نعرے لگائے۔ حکومت اور اپوزیشن اراکین کی اسی گرما گرمی کے دوران خواجہ آصف نے اپوزیشن بنچوں سے سب سے اونچی آواز میں نعرے لگانے والی شیریں مزاری کو ’ٹریکٹر ٹرالی‘ کہتے ہوئے اسپیکر اسمبلی سردار ایاز صادق سے کہا کہ ’انہیں چپ کرائیں‘۔

اس واقعے کے بعد خواجہ آصف کو مختلف سیاسی رہنماؤں کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور خواجہ آصف نے تحریری معافی نامہ اسمبلی میں جمع کروایا تھا جسے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر اسمبلی سردار ایاز صادق نے وزیر دفاع خواجہ آصف کا تحریری معافی نامہ پڑھ کر سنایا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں