دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس کی جلد پاکستان آمد متوقع

دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس کی جلد پاکستان آمد متوقع

ڈیووس: بل گیٹس نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سائیڈ لائن پر وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ۔ جس میںبل گیٹس نے اس بات کا اشارہ دیا کہ وہ جلد پاکستان آئیں گے۔وزیراعظم ہاؤس کے آفیشل فیس بک پر جاری بیان کے مطابق بل گیٹس نے وزیراعظم سے ملاقات کے دوران پاکستان کی جانب سے پولیو کے خاتمے کے لیے حوالے سے کامیابی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پولیو وائرس کے خاتمے کے حوالے سے گزشتہ تین سال کے دوران کافی کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2017 پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا سال ثابت ہوگا اور وہ آنے والے مہینوں میں پاکستان آنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم نے بل گیٹس کو پولیو کے خلاف حکومتی کوششوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ وفاق کے ساتھ تمام صوبائی حکومتیں، آزادی کشمیر اور گلگت بلتستان مل کر پولیو کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔دنیا کے امیر ترین شخص اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے جلد پاکستان آنے کا عندیہ ظاہر کیا ہے۔

انہوں  نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر تمام تر وسائل کو پولیو سے پاک پاکستان کے حصول اور مستقبل کی صحت مند نسل کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف سے ای کامرس کمپنی علی بابا کے چیئرمین جیک ما نے بھی ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔