چیمپینز ٹرافی میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم کو 22 لاکھ ڈالر انعام کے طور پر ملیں گے

چیمپینز ٹرافی میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم کو 22 لاکھ ڈالر انعام کے طور پر ملیں گے

لاہور:چیمپینز ٹرافی کے مقابلے شروع ہونے میں چند دن باقی ہیں ۔ ہر طرف چیمپینز ٹرافی کا شور مچا ہوا ہے ۔ چیمپینز ٹرافی کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے ہر ٹیم اس ٹرافی کو جیتنے کیلئے کوششوں میں مصروف ہے ۔ لیکن آپ شاید یہ بات نہیں جانتے کہ چیمپینز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی کیساتھ ساتھ انعامی رقم کتنی ملی گی ؟  انگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جانے والی آٹھویں آئی سی سی چیمپینز ٹرافی میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم کو 22 لاکھ ڈالر انعام کے طور پر ملیں گے جبکہ فائنل میں ہارنے والی ٹیم 11 لاکھ ڈالر کی حقدار ہو گی۔جون کی یکم سے 18 تاریخ تک کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں کُل 45 لاکھ ڈالر کی رقم انعام کے طور پر دی جائے گی یہ رقم 2013 میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ سے 5 لاکھ زیادہ ہے۔

سیمی فائنل تک پہنچنے والی ٹیموں کو بھی چار لاکھ پچاس ہزار ڈالر انعام کے طور پر ملیں گے۔آئی سی سی کی جانب 2017 چیمپینز ٹرافی میں اپنے گروپ میں تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو بھی نوے ہزار ڈالر جبکہ آخری نمبر پر آنے والی ٹیم کو بھی ساٹھ ہزار ڈالر ملیں گے۔ٹورنامنٹ کا پہلا میچ یکم جون کو میزبان ٹیم انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان اوول میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کا پہلا میچ انڈیا سے چار جون کو برمنگھم کے میدان ایجبیسٹن میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 18 جون کو لندن کے میدان اوول میں کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ایک بار بھی ٹرافی اپنے نام نہیں کی ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں