کرائسٹ چرچ ٹیسٹ: پاکستانی بیٹنگ مشکلات کا شکار

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ: پاکستانی بیٹنگ مشکلات کا شکار

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم پر شکست کے سائے منڈلانے لگے ہیں اور اس نے اپنی دوسری اننگز میں تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 7 وکٹ کے نقصان پر 129 رنز بنا لیے ہیں۔

قومی ٹیم کو  نیوزی لینڈ پر صرف 62 رنز کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور سمیع اسلم نے دوسری اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 21 رنز بنائے۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی سمیع اسلم تھے، وہ صرف سات رنز بنا کر ڈی گرانڈوم کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد پھونک پھونک کر کھیلنے والے بابر اعظم واٹلنگ کی لیگ سٹمپ سے باہر جاتی ہوئی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 29 رنز بنائے۔

اس کے بعد یونس خان، اظہر علی، مصباح الحق اور محمد عامر بھی آؤٹ ہو گئے۔ ان میں اظہر علی کے علاوہ کوئی بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ اظہر نے انتہائی سست رفتاری سے بیٹنگ کی اور 173 گیندوں پر صرف 31 رنز سکور کیے۔

اس سے پہلے نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 200 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور اسے پاکستان کے خلاف 67 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔  پاکستان کی جانب سے راحت علی نے چار، سہیل خان اور محمد عامر نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا.

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیت راول نے سات چوکوں کی مدد سے 55 اور ہینری نکولس نے چار چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیت راول اور ہینری نے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔

اس سے پہلے پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 133 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان مصباح الحق نے سب سے زیادہ 31 رنز بنائے۔