شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج ہو گی

شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت آج ہو گی

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف تین نیب ریفرنسز کی سماعت آج احتساب عدالت میں ہو گی۔ عدالت نے نواز شریف، ان کے بچوں حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز، لندن فلیٹس سے متعلق ایون فیلڈ پراپرٹیز اور آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت آج ہو گی۔

نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف کرپشن ریفرنسز دائر کیے جنہیں اسکروٹنی اور رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور ہونے کے بعد سماعت کے لیے احتساب عدالت کو بھجوایا گیا ۔

احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر عبوری ریفرنسز میں نامزد ملزمان نواز شریف، حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو سمن جاری کرتے ہوئے آج ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں