شہباز شریف کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والا ’دہشت گرد‘ گرفتار

شہباز شریف کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والا ’دہشت گرد‘ گرفتار

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے مبینہ دہشت گرد کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن سے گرفتار کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مبینہ دہشت گرد ماڈل ٹاؤن بلاک ایچ کے ایک گھر میں ڈرائیور کی نوکری کر رہا تھا جسے حساس اداروں نے ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گرد کے قبضے سے ایک خود کش جیکٹ بھی برآمد کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد ارفع کریم ٹاور میں پی آئی ٹی بی آفس کے افسر کا ڈرائیور تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں تاہم ان کی تفصیلات نہیں مل سکیں۔

یاد رہے کہ 21 اگست کو ایک میڈیا بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ لاہور کے ارفع کریم ٹاور کے قریب ہونے والے خودکش حملے کا ہدف وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف تھے لیکن آخری لمحے دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم 26 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں