ٹیسٹ رینکنگ: پاکستان ٹیم چوتھے سے تیسرے نمبرپرآگئی

آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی۔ آسٹریلیا سے شکست کے باوجود پاکستان ٹیم کو ترقی مل گئی۔ مصباح الیون چوتھے سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئی

ٹیسٹ رینکنگ: پاکستان ٹیم چوتھے سے تیسرے نمبرپرآگئی

دبئی : آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی۔ آسٹریلیا سے شکست کے باوجود پاکستان ٹیم کو ترقی مل گئی۔ مصباح الیون چوتھے سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئی۔بھارت نے انگلینڈ کو ٹیسٹ سیریز چار صفر سے ہرا کر پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی۔تفصیلات کے مطابق انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ ریکنگ میں پاکستان کی ٹیم بھارت کے ہاتھوں انگلینڈ کی بدترین شکست کے بعد چوتھے سے تیسرے نمبر پر آگئی۔

بھارت پہلے اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے،ساﺅتھ افریقہ چوتھے نمبر پر چلا گیا،انگلینڈ پانچویں،نیوزی لینڈ چھٹے،سری لنکا ساتویں،ویسٹ انڈیز آٹھویں،بنگلہ دیش نویں اور زمبابوے دسویں نمبر پر ہے۔ایک سو بیس ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ بھارت سال کا اختتام ٹاپ ٹیم کے ساتھ کرے گا۔ بھارت کے ہاتھوں بدترین شکست نے انگلینڈ کو تین درجے تنزلی کے بعد دوسرے سے پانچویں نمبر پر پہنچا دیا۔ انگلینڈ کی ناکامی سے ترقی پاکستان ٹیم کو ملی۔برسبین ٹیسٹ میں شکست کے باوجود پاکستان ٹیم چوتھے سے تیسرے نمبر پر آگئی۔ پاکستان کے خلاف انتالیس رنز کی کامیابی نے آسٹریلیا کو دوسرے نمبر پر پہنچا دیاہے۔

نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق جنوبی افریقہ چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔ نیوزی لینڈ چھٹے سری لنکا ساتویں اور ویسٹ انڈیز آٹھویں نمبر پرموجود ہیں۔واضح رہے آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد برسبین ٹیسٹ میں پاکستان کو 39 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی تھی۔چارسو نوے رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 450 رنز بنائے اور 39 رنز کی کمی سے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا ریکارڈ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔