حکومت پاناما کیس کو طویل کرنے کیلئے حیلے بہانے بنا رہی ہے، پیپلز پارٹی

حکومت پاناما کیس کو طویل کرنے کیلئے حیلے بہانے بنا رہی ہے، پیپلز پارٹی

 اسلام آباد: سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیس میں پہلے دن سے ہی جواب نہیں دیئے جا رہے۔ حکومت حیلے بہانے اور ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے کیس کو طول دینا چاہتی ہے۔

قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کے وکلا کے پاس کوئی ثبوت یا دستاویزات موجود ہی نہیں اگر ان کے پاس اپنے دفاع میں کچھ کہنے یا دکھانے کو ہوتا تو اب تک وہ عدالت میں وہ دستاویزات پیش کر چکے ہوتے۔

اس موقع پر شیری رحمن نے کہا کہ پاناما کیس اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے لیکن تاحال حکومت اس کیس میں کوئی موثر جواب نہیں دے سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے گزشتہ روز سیالکوٹ کا دورہ کیا لیکن اس میں وہ قومی ایشوز پر بات کرنے کی بجائے ذاتیات پر بات کرنے کی کوشش کر تے رہے۔

شیری رحمن نے کہا کہ وزیر اعظم نے سیالکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کی بات کی لیکن ایل او سی پر ہونے والی بھارتی فائرنگ کے حوالے سے انہوں نے کوئی بات نہیں کی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں