روز صبح اٹھ کر استعفے کی بھیک مانگنے والے شرم کریں: وزیراعظم

روز صبح اٹھ کر استعفے کی بھیک مانگنے والے شرم کریں: وزیراعظم

اپر دیر: لواری ٹنل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا آج ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ احتساب نہیں استحصال ہے اور ہمیں تو علم ہی نہیں کس چیز کا احتساب ہو رہا ہے کیونکہ ہم پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے۔ جے آئی ٹی اور پی ٹی آئی کا احتساب کوئی نہیں مانے گا جبکہ جے آئی ٹی ارکان فرشتوں کی طرح صادق اور امین بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 49 ہزار پاؤنڈ لوٹنے والوں کا سرعام احتساب ہونا چاہیئے۔

وزیراعظم نواز نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بتاتے ہوئے کہا روز صبح اٹھ کر استعفے کی بھیک مانگنے والے شرم کرو کیا تمہارے ووٹوں سے اقتدار میں آئے ہیں یہ تماشا اب بند ہو جانا چاہیے اور میرے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا نواز شریف نے ایسے لوگوں کے سامنے سر جھکانا سیکھا ہی نہیں۔ عوام نے تم کو پہلے بھی ٹھکرایا اور 2018 میں بھی ٹھکرائیں گے۔ ملک میں دھرنوں کا سرکس شروع کیا گیا جبکہ مولانا صاحب اور نیا پاکستان کی بات کرنیوالے ان کے مرید نے تماشا بنائے رکھا۔ اسلام آباد میں شاہراہ دستور یرغمال بنی رہی اور جمہوریت کی قبریں کھودی گئیں۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا نیا پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے خیبر پختونخواہ  میں کچھ نہیں کیا اور اس وقت مسلم لیگ ن کی حکومت نیا پاکستان بنا رہی ہے کیونکہ ملک بھر میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ پاور پروجیکٹ ہم بنا رہے ہیں اور چترال میں خواتین یونیورسٹی بھی ہم بنائیں گے۔اس موقع پر وزیراعظم نے ملاکنڈ ڈویژن کو تمام علاقوں اور چترال کے دور افتادہ علاقوں کو گیس فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم نے دو حصوں پر مشتمل لواری ٹنل کا افتتاح کیا اور ٹنل کے اندرونی حصے کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ گورنر اقبال ظفر جھگڑا، سابق گورنر و مشیر ہوا بازی سردار مہتاب عباسی بھی موجود تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں