پاک بحریہ کیلئے ٹگ کی تیاری، ایک اور سنگ میل عبور

پاک بحریہ کیلئے ٹگ کی تیاری، ایک اور سنگ میل عبور

کراچی:  خود انحصاری کی جانب ایک اور اہم پیشرفت، کراچی شپ یارڈ میں پاک بحریہ کیلئے تیار کی جانے والی ٹگ کے تعمیری کام کے بنیاد کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

پاک بحریہ کیلئے تیار کی جانے والی 32 ٹن بلرڈ پل ٹگ کے تعمیری کام کی بنیاد رکھی جانے کی تقریب منگل کوکراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں منعقد ہوئی، سیکریٹری وزارتِ دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)سید محمد اویس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ 32 ٹن بلرڈ پل ٹگ کی تعمیر جہاز سازی کے میدان میں خود انحصاری کی منزل کی جانب ایک اور اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے حوالے سے پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کراچی شپ یارڈ کی انتظامیہ اور کارکنان کی بھی تعریف کی جنہوں نے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تسلسل کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

قبل ازیں کراچی شپ یارڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر رئیر ایڈمرل حسن ناصر شاہ نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ آج دوسری 32 ٹن بلرڈ پل ٹگ کے تعمیری کام کی بنیاد رکھی جارہی ہے جو پاک بحریہ کے ساتھ اس طرز کی دو عدد ٹگز کی تیاری کے سمجھوتے کا حصہ ہے۔کراچی شپ یارڈ میں جاری منصوبوں کا ایک مختصر جائزہ پیش کرتے ہوئے رئیر ایڈمرل حسن ناصر شاہ نے کہا کہ رواں ماہ کے دوران پاک بحریہ کے ساتھ آف شور پیٹرول ویسل اور ہائیڈرو گرافک سروے ویسل اور پاکستان کسٹمز کے ساتھ سرویلینس ویسلز کی تعمیر کے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔

انہوں نے کراچی شپ یارڈ جیسے اہم قومی اثاثے کے احیا کیلئے گرانقدر کوششوں پر وزارتِ دفاعی پیداوار اور پاک بحریہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، انہوں نے یقین دلایا کہ کراچی شپ یارڈ قو م اور پاکستان نیوی کی توقعات پر پورا اترنے کی ہرممکن کوشش کرے گا۔

یہ 32 ٹن بلرڈ پل ٹگ کراچی شپ یارڈ میں تعمیر ہونے والی ٹگز کے سلسلے کی تیسری ٹگ ہے۔ تقریب میں حکومت پاکستان، پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کے اعلی حکام اور کاروباری حلقے کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی.

مصنف کے بارے میں