وفاقی حکومت کو فوری طور پر فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کا اعلان کرنا چاہئے تھا: حاجی سردار خان

وفاقی حکومت کو فوری طور پر فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کا اعلان کرنا چاہئے تھا: حاجی سردار خان

پشاور : امیر جماعت اسلامی فاٹا حاجی سردار خان نے کہا ہے کہ فاٹا کے عوام صوبے کے ساتھ انضمام کے لئے پانچ سال کے انتظار سے خوش نہیں ۔ وفاقی حکومت کو فوری طور پر فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کا اعلان کرنا چاہئے تھا۔ انضمام میں تاخیر سے غلط فہمیاں جنم لے رہی ہیں۔ سرتاج عزیز نے یقین دہانی کرائی ہے تاہم اصلاحات پر 2018ء سے قبل عملدرآمدیقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی کی بھرپور جدوجہد کے بعد ایف سی آر کا خاتمہ ممکن ہوا ہے۔ ہم فاٹا کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،فاٹا اصلاحات کی مخالفت کرنے والے قبائلی عوام کے دشمن ہیں ، چند مفاد پرست ذاتی فائدے کے لئے فاٹا کے عوام کو غلام رکھنا چاہتے ہیں، جماعت اسلامی ان کے عزائم کو ناکام بنائے گی اور ان کے خلاف بھر پور مزاحمت کرے گی۔ 

جماعت اسلامی فاٹا کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے باجوڑ ایجنسی کے نواحی علاقوں لکیانو لر کلی اور بٹکالئی میں شمولیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماعات سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر اور سابق ایم این اے صاحبزادہ ہارون الرشید ، جماعت اسلامی فاٹا کے نائب امیر مولانا وحید گل اورباجوڑ ایجنسی کے نائب مولانا عبدالرازق نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر حاجی فروش خان اور دیگر نے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ حاجی سردار خان نے کہا کہ ایف سی آر ظلم اور جبر کا نظام ہے، جلد ہی اس ظالمانہ نظام سے قبائلی عوام جو نجات ملے گی۔ ایف سی آر کے بُت کو جماعت اسلامی کی جدوجہد نے پاش پاش کیا۔ ہم نے عوام سے جو وعدہ کیا اسے پورا کیا۔ وفاقی حکومت انضمام کے عمل کو طول دینے کے بجائے جلد از جلد فاٹا کو صوبے میں ضم کرے۔ فاٹا کے عوام ستر سال سے ظالمانہ نظام کی چکی میں پس رہے ہیں، پانچ سال کا مزید عرصہ فاٹا کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے جماعت اسلامی فاٹا کے وفد کے ساتھ ملاقات میں یقین دہانی کرائی ہے کہ ایف سی آر کی جگہ نافذ کیا جانے والا مروجہ رواج ایکٹ آئین پاکستان اور انسانی حقوق سے متصادم نہیں ، راہداری اور پرمٹ سسٹم کا بھی جلد خاتمہ ہوجائے گا جبکہ بیس ہزار لیویز اہلکار بھی بھرتی کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سرتاج عزیز نے یہ بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ فاٹا کے عوام کو اعلیٰ عدلیہ تک رسائی کے لئے قومی اسمبلی سے جلد ہی ایکٹ پاس کرائیں گے تاکہ فاٹا کے عوام کی عدلیہ تک رسائی کو ممکن بنایا جاسکے۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں سرتاج عزیز کے وعدوں پر بھروسہ اور اعتماد ہے، ہم امید رکھتے ہیں کہ وہ فاٹا کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور انہیں اس نظام سے آزادی دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کا نفاذ ہے۔ ایک صالح اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس دیانتدار اور ایماندار قیادت موجود ہے۔ فاٹا کے عوام2018ء کے انتخابات میں روایتی خان اور ملک کو مسترد کردیں۔

مصنف کے بارے میں