بھارتی جاسوس کی سزا کا معاملہ منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا: چودھری نثار

بھارتی جاسوس کی سزا کا معاملہ منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا: چودھری نثار

پشاور: ورسک میں فرنٹیئر کور کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا بھارتی جاسوس کلبھوشن کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں اور وہ پاکستان میں تخریب کاری کا مرتکب ہوا ہے۔ اگر اس کو وقت پر نہ پکڑا جاتا تو مزید دہشتگردی کراتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کلبھوشن کو آئین و قانون کے تحت سزا ہوئی جسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور اس حوالے سے تمام معاملات پاکستان اپنے قانون کے مطابق دیکھے گا۔

انہوں نے بتایا افغانستان کے معاملے پر پاکستان کی پالیسی واضح ہے اور افغانستان میں امن کو پاکستان میں امن سے تشبیہ دیتے ہیں اگر افغان حکومت بھارتی زبان سے بات کرے گی تو وہ قابل قبول نہیں جبکہ افغان حکومت پاکستان پر الزام تراشی کی بجائے اپنے داخلی معاملات حل کرے۔ وزیر داخلہ نے کہا ہم نے ایران کے ساتھ مل کر معاملات کو حل کرنا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے آپس میں قریبی تعلقات ہیں اور رمضان شریف کے بعد ایران کا دورہ وفد کے ہمراہ کروں گا۔

اس سے پہلے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ایف سی کی تربیت کا معیار انتہائی اعلیٰ ہے اور آپ کی ذمے داری ہے کہ آپ اس وردی کا مان رکھیں جبکہ آپ نے غازیوں اور شہیدوں کی فورس میں نئے معیار قائم کرنے ہیں کیونکہ ایف سی ایک چھوٹی فورس نہیں اس کی سو سال سے زائد پرانی تاریخ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا فرنٹیئر کور کے نوجوانوں نے ملک سے شر و فساد کو ختم کرنا ہے کیونکہ پاکستان کا ہر سپاہی اسلام کا سپاہی ہے۔ جو اللہ کی دھرتی پر فساد کرتے ہیں وہ اللہ کے حکم کی نافرمانی کرتے ہیں اور اسلام کے نام پر شر پسند کفار سے پیسے لے کر پاکستان میں فساد برپا کر رہے ہیں لیکن فرنٹیئر کور کے جوانوں نے ان مٹھی بھر شرپسندوں سے مقابلہ کرنا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا شجاعت، بہادری اور حب الوطنی کی نئی مثال آپ نے قائم کرنی ہے کیونکہ اتحاد اور اتفاق قائم رہا تو جلد اپنی منزل تک پہنچ جائیں گے اور آپ نے دہشتگردی کی جنگ میں حصہ ڈالنا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں