لاہور: داخلہ نہ ملنے پر خاتون نے ایم ایس کے دفتر کے باہر بچے کو جنم دیدیا

 لاہور: داخلہ نہ ملنے پر خاتون نے ایم ایس کے دفتر کے باہر بچے کو جنم دیدیا

لاہور: لاہور کے بڑے اسپتال گنگارام کی انتظامیہ بھی بے حس نکلی۔ خاتون کو زچگی کیلئے اسپتال لایا گیا اور اسے داخلہ نہیں دیا گیا تاہم خاتون نے ایم ایس کے دفتر کے باہر بچے کو جنم دے دیا۔ یاد رہے رواں ہفتے حاملہ خاتون کو اسپتال میں داخلہ نہ ملنے کا یہ دوسرا واقعہ سامنے آ چکا ہے۔

اس سے قبل رائیونڈ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال میں خاتون کو زچگی کیلئے اسپتال لایا گیا لیکن ڈاکٹر موجود نہ ہونے پر عملے نے علاج معالجے سے انکار کر دیا ۔ بے حس انتظامیہ نے خاتون کو بیڈ تک بھی نہ دیا تھا تاہم خاتون نے فرش پر ہی بچے کو جنم دیا تھا۔

شہباز شریف کا نوٹس

وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے گنگارام اسپتال میں ایم ایس آفس کے باہر بچے کی پیدائش کا نوٹس لے لیا۔ کہتے ہیں کہ ذمہ داروں کیخلاف بھرپور کارروائی ہو گی۔ دوسری جانب وزیر صحت پنجاب معاملے پر مٹی ڈالنے لگے کیونکہ فوری طور پر اسپتال پہنچے اور ڈائریکٹر ایمرجنسی کو معطل کر دیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے یہ دلیل بھی دے ڈالی کہ ڈاکٹروں نے متاثرہ خاتون کو کچھ کھانے کا کہا تو وہ کنٹین پر چلی گئی جس کی وجہ سے ان نےر استے میں ہی بچے کو جنم دے دیا۔

واضح رہے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی جانب سے متعدد بار بلند و بانگ دعوے کئے گئے تھے کہ پنجاب کے اسپتالوں میں تمام بنیادی ضروریات فراہم کر دی گئی ہیں لیکن آئے روز پیش آنے والے ایسے واقعات نے ان کے تمام دعووں کا پول کھول دیا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں