نواز شریف ابھی تک اپنی سیاسی حکمت عملی فائنل نہیں کر پائے

نواز شریف ابھی تک اپنی سیاسی حکمت عملی فائنل نہیں کر پائے


لند ن: سابق وزیر اعظم نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان واپس آنے والے تھے لیکن اب انہوں نے اپنی ٹکٹ کینسل کروا لی ہے اور بعض ذرائع کے مطابق وہ 24 اکتوبر کو واپس پاکستان روانہ ہونگے لیکن ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف کی تاخیر کی وجہ ان کی حکمت عملی کا فائنل نہ ہونا ہے اور نواز شریف ابھی یہ فیصلہ نہیں کر پائے کہ اگر انہیں واپسی پر گرفتار کر لیا جاتا ہے تو کیا وہ اس کیلئے تیار ہیں


اس وقت نیب کی ایک ٹیم بھی لندن میں موجود ہے اور وہ شریف فیملی کی جائیدادوں کے حوالے سے تفتیش کرنے او ر شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہے۔ پی آئی اے کی بکنگ کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف 24 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کی بزنس کلاس میں نواز شریف کی بکنگ کرائی گئی ہے۔سابق وزیراعظم 23 اکتوبر کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجکر 20 منٹ پر روانہ ہوں گے۔جب کہ ان کے ٹکٹ پر لاہور آمد کا وقت 24 اکتوبر صبح 8 بجکر 20 منٹ درج ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ ان کے سیکرٹری حنیف خان بھی ہوں گے۔

اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ نوازشریف نے قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 758 کی بزنس کلاس میں بکنگ کرائی ہے جو 21 اکتوبر کی شام 5 بجے لندن سے روانہ ہو کر 22 اکتوبر کی صبح 4 بجے لاہور پہنچے گی۔