پاک آرمی کی ٹیم نے برطانیہ میں گولڈ میڈل حاصل کر لیا

پاک آرمی کی ٹیم نے برطانیہ میں گولڈ میڈل حاصل کر لیا

اسلام آباد:پاک آرمی کی ٹیم نے رواں ماہ برطانیہ میں منعقدہ کیمبریان پیٹرول مشقوں کے مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی ٹیم نے رواں سال ہونے والے مقابلوں میں یہ دوسرا گولڈ میڈل حاصل کیا ہے جبکہ مجموعی طور پرچار تمغے بھی اپنے نام کیے۔برطانیہ میں منعقدہ مقابلوں میں پوری دنیا سے فوج کی 131 ٹیموں نے حصہ لیا۔کیمبریان پیٹرول کا شمار فوجی جوانوں کی ایک مشکل پیٹرولنگ مشق میں ہوتا ہے جہاں مقابلوں میں شرکت کرنے والے اہلکار 80 کلومیٹر پر مشتمل علاقے پر 48 گھنٹوں سے کم وقت میں مشکل مشقیں کرتے ہیں۔


کیمبریان کی پہاڑیوں اور ویلز کے درمیان مختلف قسم کی فوجی مشقیں بھی انجام دی جاتی ہیں۔یاد رہے کہ کیمبریان مشقیں جسمانی طور پر مشکل ترین ہوتی ہیں جہاں شریک اہلکاروں کی مشکل حالات میں ٹیم ورک جیسی صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلوں میں شریک ٹیموں کی ٹیکنیکل اور حربہ جاتی چیلنج کے علاوہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں، ڈسپلن، حوصلہ اورعزم کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے۔