شارجہ میں پاکستانی کرائے دار وں سے فراڈ ،مشکل میں پڑ گئے

شارجہ میں پاکستانی کرائے دار وں سے فراڈ ،مشکل میں پڑ گئے

شارجہ: شارجہ میں کرائے کے گھروں کا ایک اور بڑا فراڈ ہو گیا ہے جس میں پاکستانی خاندان بھی متاثر ہوئے ہیں۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق متاثرین نے بروکر فرم ’مون لائٹس فیسیلٹیز ایل ایل سی‘ کے توسط سے شارجہ کے علاقے مویلاح میں گھر لیز پر حاصل کیے تھے لیکن چند دن بعد ہی بروکر فرم لیز کی رقم لے کر غائب ہو گئی۔ چنانچہ گھروں کے مالک نے رقم نہ ملنے پر چند گھنٹے کے نوٹس کے بعد کرایہ داروں کا سامان باہر پھینکوا دیا۔

رپورٹ کے مطابق کرایہ داروں کو گھروں سے بے دخل کرنے سے ایک روز قبل شارجہ الیکٹرسٹی اینڈ واٹر اتھارٹی نے ان گھروں کا پانی اور بجلی بھی بند کر دی تھی۔ متاثرین میں شامل فرناز علی کا کہنا تھا کہ ”میں نے 36ہزار درہم (تقریباً10لاکھ 28ہزار روپے)کے عوض ایک بیڈروم کا اپارٹمنٹ حاصل کیا تھا۔ مون لائٹس فیسیلٹیز نے بہترین دفتر بنا رکھا تھا جس سے کوئی بھی یہ نہیں سمجھ سکتا تھا کہ یہ فراڈ فرم ہے۔میں نے یکم اپریل کو انہیں رقم دی اور معاہدہ کیا اور تین دن بعد اپنی بیوی اور بیٹے کے ہمراہ اپارٹمنٹ میں شفٹ ہو گیا۔ لیکن چند روز بعد ہی ہمارا پانی بجلی بند کر دیئے گئے اور اگلے روز ہمیں گھر سے ہی باہر نکال دیا گیا۔“