چوروں اور لیٹروں کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، شیخ رشید اور سراج الحق کا اتفاق

چوروں اور لیٹروں کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے، شیخ رشید اور سراج الحق کا اتفاق

راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سے لال حویلی میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاناما لیکس کے فیصلے کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بات میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ڈاکووں، چوروں اور لیٹروں کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے اور سراج الحق سے بات ہوئی ہے کل عمران خان سے ملاقات کرونگا کیونکہ پی ٹی آئی کے ساتھ جماعت اسلامی کا بھی اس جدوجہد میں ساتھ چاہتے ہیں۔

عمران خان کو بھی سراج الحق کے ساتھ چلنے کی دعوت دوں گا  اور ہم پاکستان میں ظالموں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا مخصوص طبقے نے سیاست اور معیشت پر قبضہ کیا ہوا ہے جبکہ اس وقت ملک کا سب بڑا اور بنیادی مسئلہ کرپشن ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا ملک کی سیاست جاگیرداروں، سرمایہ داروں کی سیاست ہے اور اس نظام کے خلاف بغاوت کریں کیونکہ ان لوگوں نے بیس کروڑ عوام کو طویل عرصے سے یرغمال بنا کر رکھا ہے۔ سیاست تجارت بن چکی ہے اور غریب کا کوئی پرسان حال نہیں۔

سراج الحق نے کہا تقدیر بدلنے کےلیے نظام بدلنے کی ضرورت ہے اور کرپشن کےخلاف مہم چلارہےہیں۔ پاناما کیس پر حکومت نے نہ ٹی اوآرز بنائے نہ ہمارے ٹی او آرز قبول کیے اور مجبور ہو کر ہم نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔