پاک سرزمین پارٹی کا ایم کیو ایم پاکستان کی اے پی سی میں شرکت کا اعلان

پاک سرزمین پارٹی کا ایم کیو ایم پاکستان کی اے پی سی میں شرکت کا اعلان

کراچی:  پاک سرزمین پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کی اے پی سی میں شرکت کا اعلان کردیا ہے۔ایم کیوایم پاکستان کا وفد ڈپٹی کنوینر عامرخان کی قیادت میں آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے پی ایس پی کے مرکزی دفتر پاکستان ہاوس پہنچا جہاں انہوں نے باضابطہ طور پر کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس پی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان اور پی ایس پی میں پہلے بھی رابطے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم قاتل اور مقتول کی سیاست پر لعنت بھیج چکے ہیں، ہم صرف اس صوبے کو امن کی فضا دینا چاہتے ہیں اور یقین ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان سندھ کے عوام کی آواز سن رہی ہے ،ان کی بقا اسی میں ہے کہ غدار وطن سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کیا جائے اور کل کی اے پی سی غدار وطن کیخلاف ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر عامرخان نے کہا کہ کل کی اے پی سی میں پاکستان بالخصوص سندھ میں کرپشن پر بات ہوگی، ہم لندن سے مکمل طور پر لاتعلقی کا اظہار کرچکے ہیں، ہمیں متنازع گفتگوسے پرہیز کرنا چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ اس شہر کی بہتری کے لیے متفقہ لائحہ عمل طے کریں، اس کے لیے دونوں جماعتوں کا ایک ساتھ کھڑا ہونا خوش آئند ہے۔ سندھ اسمبلی میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے کہا کہ تصادم اور تشدد کی سیاست نہیں کریں گے، مہاجر قاتل اور مہاجر مقتول کی سیاست نہیں ہونے دیں گے۔

مصنف کے بارے میں