ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور ورلڈ الیون کی ٹیمیں رواں سال پاکستان کا دورہ کریں گی

 ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور ورلڈ الیون کی ٹیمیں رواں سال پاکستان کا دورہ کریں گی

لاہور: پاکستان کرکٹ بوڑ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اعلان کیا ہے کہ ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور ورلڈ الیون کی ٹیمیں رواں سال پاکستان کا دورہ کریں گی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ستمبر کے دوسرے ہفتے ورلڈ الیون پاکستان کا دورہ کرے گی جب کہ اکتوبر کے آخر میں سری لنکن ٹیم پاکستان آئے گی۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی نومبر میں پاکستان آئے گی اور مہمان ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ آئندہ 72 گھنٹے میں ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

نجم سیٹھی نے بتایا پاکستان سپر لیگ اور انٹرنیشنل کرکٹ کو پاکستان لانا ہدف تھا جب کہ سری لنکا کو دورہ پاکستان کے لئے منانا بہت مشکل تھا لیکن لنکن بورڈ نے دلیری کے ساتھ فیصلہ کیا کہ وہ پاکستان آئیں گے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ اور سی پی ایل سے بات ہو چکی ہے وہ دورہ پاکستان پر خوش ہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کراچی اور لاہور کی بحث میں نہ پڑیں جو لوگ پاکستان آ رہے ہیں انہیں آنے دیں۔ خواہش ہے کہ پی ایس ایل کے لئے لاہور کے بعد کراچی جائیں اور اس سلسلے میں کراچی جاؤں گا جہاں وزیر اعلیٰ، کور کمانڈر اور ڈی جی رینجرز سے ملاقات ہو گی۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ نومبر کے شروع میں ڈومیسٹک ٹی 20 کا انعقاد ہو گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں