بھارتی خواتین نے آسٹریلیا کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی

ڈربی : آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت نے دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

بھارتی خواتین نے آسٹریلیا کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی

ڈربی : آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت نے دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے ہرمن پریت نے عمدہ بیٹنگ سے درست ثابت کر دکھایا۔ہرمن پریت کور نے 115 گیندوں پر سات چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 171 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت بھارت نے مقررہ اوورز میں چار وکٹ کے نقصان پر 281 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ ی زینت بنایا۔ہرمن پریت کی اننگز ویمنز ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کھیلی گئی کسی بھی بلے باز کی سب سے بڑی اننگز ہے۔دیگر کھلاڑیوں میں متھالی راج 36، دیپتی شرما 26 اور ویدا کرشنا مرتھی 16 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو شروع سے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 21 رنز پر ان کی تین وکٹیں گر چکی تھیں۔ایلس پیری اور ایلس ویلانی نے چوتھی وکٹ کیلئے 105 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی لیکن پھر دونوں ہی کھلاڑی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئیں۔اس کے بعد جرمین بلیک وڈ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بھی کھلاڑی ان کا ساتھ نہ نبھا سی اور آسٹریلین ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی اور پوری ٹیم 41ویں اوور کی پہلی گیند پر 245 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایلس پیری 38، ایلس ویلانی 75 اور بلیک ویل 56 گیندوں پر 90 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہیں۔ہرمن پریت کور کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فائنل اتوار کو لارڈز میں بھارت اور میزبان انگلینڈ کے مابین ہوگا۔