بارشوں کے پیش نظر رمضان بازاروں میں اقدامات کئے جائیں،صوبائی وزیر منصوبہ بندی

 بارشوں کے پیش نظر رمضان بازاروں میں اقدامات کئے جائیں،صوبائی وزیر منصوبہ بندی

لاہور : صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقیات ملک ندیم کامران کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے رمضان پیکج کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس میں رمضان بازاروں کے انتظامات اور اشیاء خوورونوش کی قیمتوں ،معیار، طلب اور رسد کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا رمضان بازاروں میں اشیاء خورونوش پر حکومت پنجاب نے جہاں اربوں روپے کی سبسڈی دی ہے وہاں سبزی و فروٹ منڈیوں میں اشیاء کی نیلامی کے نظام کو بھی بہتر بنایا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزرا،عوامی نمائندگان اور انتظامی مشینری رمضان بازاروں کوعوامی سہولت کے لئے بہتر سے بہتر بنانے میں مصروف عمل ہیں اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر کارکر دگی رپورٹس وزیراعلیٰ تک پہنچ رہی ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے پیش نظر رمضان بازاروں میں ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ صارفین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سیکر ٹری خوراک نے اجلاس کو بتایا کہ صوبہ میں 319 رمضان بازاروں میں68لاکھ آٹے کے تھیلے فراہم کئے گئے جن میں سے 44لاکھ سے زائدآٹے کے تھیلے فروخت ہو چکے ہیں جبکہ 11757ٹن سے زائد چینی فروخت ہوئی ہے۔ جن 16اضلاع سے چینی کے کوٹہ میں اضافہ کی درخواست موصول ہوئی تھی انھیں اضافی چینی بھجوا دی گئی ہے۔ر مضان بازاروں میںمحکمہ زراعت کی فیئر پرائس شاپس پر پھل اور سبزیاں کنٹرول ریٹ پر دستیاب ہیں اور کسی بھی شے کی کمی نہیں ہے ۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز، ڈپٹی کمشنر لاہور اور محکمہ اطلاعات، زراعت، لائیوسٹاک اور سپیشل برانچ کے افسران نے شرکت کی۔

مصنف کے بارے میں