کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی پر 132افراد گرفتار

کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی پر 132افراد گرفتار

کراچی: مختلف علاقوں میں ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کے دوران 132 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ جیکسن میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس نے سرچ آپریشن کر کے 23مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس کارروائی کے دوران 132افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کو دفعہ 144کے تحت ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ بیشتر گرفتاریاں درخشاں، ڈیفنس، آرام باغ، پریڈی اور اطراف کے علاقوں میں کی گئی ہیں۔ دوسری جانب جیکسن کے علاقے میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کے دوران 23مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق زیر حراست افراد سے تفتیش جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ عوام پابندی کی مسلسل خلاف ورزی کررہے تھے۔ شہریوں کو ڈبل سواری کی پابندی کا احترام کرنا چاہیے۔ شہر میں ڈبل سواری پر دو روزہ پابندی چہلم کی سیکیورٹی کے باعث لگائی گئی تھی جو پیر کی رات بارہ بجے کے بعد ختم ہوگئی۔