چین نےریلوے ٹریک کے بغیر سفر کرنے والی ہائی ٹیک ٹرین بنا ڈالی

چین نےریلوے ٹریک کے بغیر سفر کرنے والی ہائی ٹیک ٹرین بنا ڈالی

بیجنگ: چین نے ریلوے ٹریک کے بغیر چلنے والی ٹرین بنا ڈالی ہے جو  مکمل طور پر بجلی کی توانائی سے چلتی ہے۔

چین ایک ایسی اسمارٹ اور ہائی ٹیک ٹرین چلانے میں کامیاب ہو گیا ہے جو دنیا بھر میں اپنی نوعیت کی پہلی ٹرین ہے۔ یہ مکمل طور پر بجلی کی توانائی سے چلتی ہے اور ماحول میں کسی قسم کی آلودگی پیدا نہیں کرتی۔ اس کی سب سے خاص بات یہ کہ اس میں دنیا بھر کی ٹرینوں میں استعمال ہونے والا روایتی ریلوے ٹریک استعمال نہیں کیا جاتا۔ یہ خاصیت اس ٹرین کو بڑی بسوں کے قریب کر دیتی ہے۔

 یہ ہائی ٹیک ٹرین لوہے کے ٹریک کے بجائے زمین پر لائنوں کی صورت میں بنائے گئے ٹریک پر چلتی ہے۔ یہ تمام وقت ان لائنوں کو دریافت کر کے ان پر رواں دواں رہتی ہے اور اپنے راستے سے نہیں ہٹتی۔ٹرین کو مختلف نوعیت کے سینسروں سے آراستہ کیا گیا ہے جو اس کے راستے اور سفر کے بارے میں معلومات جمع کرتے ہیں۔ اس نئی ٹرین کا عملی تجربہ چین کے جنوب مشرقی شہر "جیجو" میں کر دیا گیا ہے۔

یہ ٹرین 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہے اور ایک وقت میں اس کے اندر 300 افراد کے سفر کرنے کی گنجائش ہے۔ یہ سڑک پر بنائے گئے سفید لائنوں کے ٹریک پر چلتی ہے۔ یہ منصوبہ روایتی بسوں یا زیر زمین میٹرو سرنگوں کے تعمیر کیے جانے کے مقابلے میں بہت کم لاگت ہے۔ اس کے علاوہ یہ بجلی سے چلنے والی " ٹرام" کے لحاظ سے بھی کم لاگت رکھتی ہے۔