سرفراز احمد کو اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کرنیوالا شارجہ اسٹیڈیم کا پاکستانی ملازم نکلا

سرفراز احمد کو اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کرنیوالا شارجہ اسٹیڈیم کا پاکستانی ملازم نکلا

دبئی: میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کرنے والا مبینہ طور پر شارجہ اسٹیڈیم کا پاکستانی ملازم نکلا۔ سرفراز احمد کو سٹے بازوں کی جانب سے اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کی گئی تھی تاہم سرفراز احمد نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بات سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کیا جب کہ انہوں نے لاہور میں ڈائریکٹر سیکیورٹی کرنل اعظم کو بھی پیشکش سے متعلق بتایا تھا ۔

ذرائع نے بتایا کہ واقعے کے بعد دبئی میں مشکوک افراد کی نگرانی سخت کر دی گئی ہے اور پاکستان ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو غیر متعلقہ لوگوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب سرفراز احمد کو اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کرنے والا شارجہ اسٹیڈیم کا پاکستانی ملازم ہے جو کراچی کا رہائشی ہے۔ عرفان نامی شخص شارجہ اسٹیڈیم میں گراؤنڈ سے متعلق امور دیکھتا ہے اور اس نے سرفراز احمد کو یہ پیشکش کی۔ ذرائع کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش پر شارجہ اسٹیڈیم کے پاکستانی ملازم عرفان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جو یو اے ای کے قوانین کے مطابق کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے اسپاٹ فکسنگ کے واقعے کی تصدیق سے انکار کیا ہے۔

گزشتہ روز قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی کو سٹے بازوں کی جانب سے اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش کا انکشاف ہوا تھا تاہم اس کھلاڑی کا نام سامنے نہیں آ سکا تھا۔

واضح رہے گزشتہ روز پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے چوتھے ون ڈے میں بھی پاکستان نے یک طرفہ مقابلے کے بعد سری لنکا کو شکست دی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں