بھارت پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں تخریب کاری میں ملوث ہے، دفتر خارجہ

بھارت پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں تخریب کاری میں ملوث ہے، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ بھارت پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں تخریب کاری میں ملوث ہے اور کلبھوشن جیسے ایجنٹوں کے ذریعے دہشت گردی کرائی جاتی ہے۔ بھارتی وزیراعظم کے بلوچستان سے متعلق بیان کے بعد سے پاکستان مخالف مہمات میں تیزی آ گئی ہے جب کہ جنیوا میں پاکستان مخالف مہم میں ملوث بلوچستان ہاؤس تنظیم کو بھارت نے فنڈنگ کی۔

نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ بھارت خود اپنے ملک میں حملہ کراتا ہے اور مسلمان شہریوں پر الزام تراشی کرتا ہے۔ جاپانی وزیراعظم شینزو ایبے کے دورہ بھارت اور مشترکہ اعلامیے پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ جاپان بھارت اعلامیے میں پاکستان سے متعلق غیرضروری حوالے تھے۔ ترجمان نے کہا کہ جاپانی وزیراعظم نے پاکستان کے بارے میں غیرضروری ریمارکس دیے اور جاپان کو بھارت کی جانب سے دہشت گردی بطور ریاستی ہتھیار استعمال کرنے سے آگاہ ہونا چاہیے۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے برکس اعلامیے پر دفتر خارجہ کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر ترجمان دفتر خارجہ نے تبصرے سے گریز کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی نیو یارک میں متعدد ممالک کے سربراہان سے ملاقاتین مثبت رہیں تاہم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات شیڈول نہیں ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ اکتوبر کے شروع میں روس کا دورہ کریں گے اور یہ دورہ پاک روس باہمی تعاون مزید بہتر بنانے کی خواہش کا مظہر ہے اور آرمی چیف کا دورہ پاکستان اور روس کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں کا تسلسل ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں