ضمنی الیکشن این اے 120 : تمام امیدواران کا تعاون درکار ہے ،صوبائی الیکشن کمشنر

ضمنی الیکشن این اے 120 : تمام امیدواران کا تعاون درکار ہے ،صوبائی الیکشن کمشنر

لاہور : صوبائی الیکشن کمشنر، پنجاب شریف اللہ کی سربراہی میں حلقہ این اے 120 ضمنی الیکشن کے تمام امیدواران کے ساتھ ضابطہ اخلاق کے حوالے سے اہم میٹنگ منعقد کی گئی جس میں متعلقہ حلقہ کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر، ریٹرننگ آفیسر ، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر، مانیٹرنگ آفیسرز، ریجنل الیکشن کمشنر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لاہورنے بھی شرکت کی ۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن مذکورہ حلقہ میں منصفانہ انتخاب کا انعقاد کرنے کیلئے کوشاں ہے جس کے لئے تمام امیدواران کا تعاون درکار ہے ۔ انہوں نے کہا کے تمام امیدواران ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے اپنا قومی اور اخلاقی فریضہ ادا کریں ۔پیپلز پارٹی کے فیصل میر، تحریک انصاف سے یاسمین راشد اور دیگر امیدواران نے اس حوالے سے اپنی گذارشات صوبائی الیکشن کمشنر کے سامنے پیش کیں جن میں سر فہرست حلقہ میں ترقیاتی کام رکوانے کی درخواست کی گئی۔ علاوہ ازیں حلقہ میں کسی بھی رکن اسمبلی و دیگر آفس ہولڈرکو حلقہ میں جلسہ و جلوس کروانے سے روکا جائے اور انتخابی اخراجات کی بھی کڑی نگرانی کی جائے ۔ حلقہ میں آویزاں مقررہ سائز سے تجاوز کردہ پوسٹرز، بینرزاور فلیکسزکو اتروایا جائے ۔

اس امر میں تمام امیدواروں کا کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی بار بار خلاف ورزی کرنے والے امیدوار کو عوامی نمائندگی ایکٹ کے سیکشن ١٠٣ ۔اے کے تحت سزا دی جائے اور نا اہل قرار دیا جائے ۔ پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج کی تعیناتی کی درخواست کی گئی اور پولنگ سکیم کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کی گذارش کی گئی۔

صوبائی الیکشن کمشنر، پنجاب نے کہا کہ امیدواران کی تمام شکایات اور گذارشات پر الیکشن کمیشن قوانین کے مطابق کارروائی کر رہا ہے ۔ حلقہ این اے 120 کے انتخاب کو مانیٹر کرنے کیلئے مانیٹرنگ ٹیمزتشکیل دی گئی ہیں جو کہ روزانہ اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کرتی ہیں ۔ کسی بھی امیدوار کو سزادینے یا نا اہل کرنے کا پورا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے او ر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں اس پر عمل بھی کیا جائے گا ۔

مصنف کے بارے میں