آئی پی ایل نیلامی میں عمران طاہر بالکل نظرانداز

آئی پی ایل نیلامی میں عمران طاہر بالکل نظرانداز

ممبئی : انڈین پریمیئر لیگ کے دسویں ایڈیشن کیلئے پیر کو کھلاڑیوں کی نیلامی  میں دنیا بھر کے کھلاڑی مہنگے داموں خریدے گئے اور انگلینڈ کے بین اسٹوکس ساڑھے 14 کروڑ ہندوستانی روپے کے ساتھ لیگ کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

تاہم حیران کن طور پر ٹی20 اور ایک روزہ کرکٹ کے عالمی نمبر ایک باؤلر عمران طاہر پر کسی کی نظر نہ پڑی حالانکہ ان کی بنیادی قیمت محض 50لاکھ ہندوستانی روپے تھی۔

یہ بات اس لیے بھی حیران کن معلوم ہوتی ہے کہ انگلینڈ کے غیر معروف باؤلر تائمل ملز کی خدمات 12کروڑروپے میں حاصل کی گئی ہیں حالانکہ وہ ون ڈے یا ٹی20 دونوں میں ابتدائی 100 بہترین باؤلرز کی فہرست میں بھی شامل نہیں اور ہندوستانی فرنچائز کا یہ عمل ممکنہ طور پر عمران طاہر کے ماضی میں پاکستان سے رشتے کی وجہ ہو سکتا ہے۔

پاکستانی نژاد جنوبی افریقی اسپنر کو ڈراپ کرنے پر ماہرین کرکٹ نے بھی انتہائی تعجب کا اظہار کیا ہے۔