لاہور میں فائنل کھیلنے کو تیار دوکھلاڑی ویسٹ انڈین ٹیم میں منتخب

لاہور میں فائنل کھیلنے کو تیار دوکھلاڑی ویسٹ انڈین ٹیم میں منتخب

شارجہ: ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے آل راؤنڈر مارلن سیموئلز کو ٹیم سے باہر کردیا ہے جبکہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے لاہور آنے کو تیار دوکھلاڑیوں میگوئیل کمنز اور جیسن محمدکو  ٹیم میں منتخب کرلیا ہے۔

مارلن سیموئلز نے 2016 میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف سیریز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد انھیں زمبابوے میں منعقدہ سہ فریقی سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا۔

دائیں ہاتھ کے آف اسپنر سیموئلز کے باؤلنگ ایکشن کو ایک سال کی پابندی کے بعد حال ہی میں درست قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی میچوں میں باؤلنگ کی اجازت دی گئی ہے۔

71 ٹیسٹ اور 187 ایک روزہ میچوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنے والے 36 سالہ سیموئلز کے باؤلنگ ایکشن کو دسمبر 2015 میں غیرقانونی قرار دے کر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

دوسری جانب سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں دو کھلاڑی ایسے ہیں جو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آنے کو تیار ہیں۔

پی ایس ایل کے فائنل کے لیے لاہور آنے کو تیار کھلاڑی جو ویسٹ انڈیز ٹیم میں منتخب ہوئے ہیں ان میں میگوئیل کمنز اور جیسن محمد شامل ہیں۔