وزیراعظم کا مشن پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا ہے،خرم دستگیر خان

وزیراعظم کا مشن پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا ہے،خرم دستگیر خان

اسلام آباد:  وفاقی وزیر برائے صنعت و تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا مشن پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا ہے، انشاء اﷲ بہت جلد سوات میں تمباکو ریسرچ سنٹر قائم کر دیا جائے گا جبکہ باجوڑ اور دیر میں تمباکو   کی کاشت بھی شروع ہو جائے گی، تمباکو پر تحقیق کرنے والے طلباء و طالبات کیلئے سالانہ ایک لاکھ روپے گرانٹ بھی دی جائے گی، تحقیق کیلئے مغربی دنیا کے مزید محتاج نہیں ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ٹوبیکو بورڈ پشاور کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ اکرام غنی بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر برائے صنعت و تجارت نے پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے گریڈ ایک تا چار کے ملازمین کی تنخواہ میں 40 فیصد، گریڈ پانچ تا دس 45 فیصد اور گریڈ 11 تا 15 50 فیصدکے اضافہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہ میں اضافہ کا مقصد ملازمین کی مزید حوصلہ افزائی اور ادارے کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ملازمین حقیقی معنوں میں پاکستان ٹوبیکو بورڈ کو 21 ویں صدی کا ادارہ بنانے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں گے، خیبرپختونخوا کی معیشت میں تمباکو کی مصنوعات کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹوبیکو بورڈ ملازمین ہمت اور محنت کی بدولت لاکھوں کاشتکاروں سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کو بلاواسطہ فائدہ پہنچتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے ساتھ لاکھوں افراد منسلک ہیں اور اپنا ذریعہ معاش اسی میں تلاش کرتے ہیں، جو کمپنیاں ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں وہ اپنے آپ کو ٹیکس نیٹ میں شامل کریں تاکہ ان پر قوانین لاگو ہوں۔ انجینئر خرم دستگیر نے کہا کہ 2013ء سے قبل پورا پاکستان خون اور اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا، ایک اذیت ناک سفر طے کرکے ہم یہاں تک پہنچیں ہیں اور اب ہم الحمد اﷲ اندھیروں سے روشنی کی جانب آ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے دلیرانہ فیصلوں اور بہترین سیاسی بصیرت کی بدولت آج ملک میں امن کی فصل لہلہانے لگی ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کی عفریت سے چھٹکارا مل گیا ہے اور انشاء اﷲ لوڈ شیڈنگ کا بھی بہت جلد خاتمہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت آنے والی نسل کیلئے ایک روشن، صحت افزاء اور پرامن پاکستان کیلئے دن رات محنت اور لگن میں مصروف ہے۔

مصنف کے بارے میں